فیس بک پر لڑکی کی کردار کشی ، آصف نگر کا نوجوان گرفتار

ملزم پر نربھئے قانون ، سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /2 اپریل ( سیاست نیوز ) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے چندرائن گٹہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان لڑکے کو سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ پر لڑکی کی کردار کشی کرنے کے الزام میں نربھئے ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر پی راجو نے بتایا کہ 26 سالہ لڑکی ساکن آصف نگر نے 30 سالہ محمد عبدالکاشف عرف کاشف الزرمین کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ وہ فیس بک کے ذریعہ اسے ہراساں کرتے ہوئے اس کی کردار کشی کر رہا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس نے کاشف کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا اور اسے آج گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ کاشف نے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم ترک کرنے کے بعد بعض کمپیوٹر کورسیس کئے ۔ پولیس نے کاشف کو سال 2008 میں ایک لڑکی کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا وہ اس کیس میں بری ہوگیا ۔ سال 2009 میں سعودی عرب ملازمت کیلئے روانہ ہوا اور 2014 میں وہ حیدرآباد لوٹ آیا۔ اس نے درخواست گذار لڑکی سے دوستی کی اور بعد ازاں اس کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ۔ جس پر لڑکی نے کارروائی کرنے کا انتباہ دیا جس کے نتیجہ میں وہ جاریہ سال جنوری سے فیس بک پر فحش مسیجس اور کردار کشی کر رہا تھا ۔ سائبر کرائم نے انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے علاوہ نربھئے دفعہ کے 354(D) کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔