حیدرآباد 7 فروری (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا پر دلآزار پوسٹ کے خلاف مسلمانوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرگی میں اکثریتی فرقہ کے شرپسندوں نے فیس بُک پر دلآزار مواد پوسٹ کیا، اِس کے ساتھ ہی مسلمانوں نے احتجاج شروع کردیا جس کی وجہ سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے ہیں۔ ڈی ایس پی پرگی محمد اشفاق نے بتایا کہ مسلمانوں کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور دو افراد انیل اور سوریہ کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس سارے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے حساس مقامات پر سکیورٹی و گشت بڑھادی گئی ہے۔