فٹ پاتھ پر محوخواب افراد کو نذر آتش کرنے والے 3 نوجوان گرفتار

حیدرآباد ۔ /24 اپریل (سیاست نیوز) مہانکالی پولیس نے پرانے شہر کے علاقے حافظ بابا نگر سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو فٹ پاتھ پر محوخواب افراد کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلادینے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 سالہ محمد عامر اپنے دو ساتھیوں 22 سالہ سید عبدالعقیل اور محمد انور عرف انو نے مبینہ طور پر /2 اپریل کی شب سکندرآباد کے مہانکالی اور مونڈا مارکٹ پولیس اسٹیشن حدود میں 55 سالہ آنند پانڈری پانچال متوطن مہاراشٹرا اور نرسنگ راؤ جو فٹ پاتھ پر محو خواب تھے کو پٹرول چھڑک کر آگ لگادی جس میں آنند فوت ہوگیا تھا جبکہ نرسنگ راؤ شدید جھلس گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان خراب عادتوں کا شکار ہے اور فحش خواتین کی تلاش میں رات کے اوقات شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے تھے ۔ خواتین کی تلاش میں کئی مرتبہ انہیں آٹو ڈرائیورس اور فٹ پاتھ پر محو خواب افراد نے ان کی خواہشیں پوری کرنے میں خلل پیدا کیا تھا جس کے سبب وہ اس قسم کے افراد سے انتقام لینے کا فیصلہ کیا ۔ گرفتار نوجوانوں نے /2 اپریل کی شب چادر گھاٹ میں واقع ایک پٹرول پمپ سے پٹرول خریدا اور بعد ازاں سکندرآباد علاقے کیلئے روانہ ہوگئے اور فحش خواتین کی تلاش کررہے تھے ۔ اسی دوران انہیں آنند اور نرسنگ راؤ فٹ پاتھ پر محو خواب نظر آئے جس کے نتیجہ میں عقیل نے دونوں افراد پر پٹرول چھڑکا اور انور کی ایماء پر انہیں آگ لگادی گئی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی اور پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا جبکہ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون مسٹر سدھیر بابو نے خاطیوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی اور سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مذکورہ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے انہیں آج عدالت میں پیش کردیا ۔