نئی دہلی 26 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی ٹاپ ڈبلز بیڈمینٹن کھلاڑی جوالہ گٹا نے آج کہا کہ وہ اپنی فٹنس اور کارکردگی میں استقلال پر توجہ دے رہی ہیں تاکہ 2016 میں ریو ڈی جنیریو ( برازیل ) میں ہونے والے اولمپکس میں میڈل جیتنے کا اپنا خواب شرمندہ تعبیر کرسکے ۔ جوالہ نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر کہا کہ وہ اپنے آن کورٹ مظاہرہ سے خوش ہیں۔ انہیںصرف فٹنس برسرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہیں اپنی جسمانی طاقت اور بحیثیت مجموعی فٹنس پر کام کرنا ہے بصورت دیگر وہ اور اشونی پونپا ڈبلز میں اچھا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ساتھی کھلاڑی کے ساتھ مل کر ٹریننگ کرینگی تاکہ مظاہرہ میںاستقلال کو برقرار رکھا جاسکے ۔ 31 سالہ جوالہ گٹا جنوبی کوریا میں ہوئے ایشین گیمس سے اپنے ٹخنے کی تکلیف کی وجہ سے دستبردار ہوگئی تھیں تاہم اب وہ جاریہ مہینے ڈنمارک اور فرانس میں ہونے والی سوپر سیریز کے مقابلوں میں حصہ لینگی ۔ انہوں نے ادعا کیا ہے کہ ان کے ٹخنے کی تکلیف پوری طرح ختم ہوگئی ہے اور وہ نومبر میںہانگ کانگ اوپن اور مکاؤ اوپن میں بھی حصہ لینگی ۔
جوالہ نے کہا کہ چونکہ وہ زخم سے صحتیاب ہو رہی ہیںاور ایک عمر کے بعد آپ کو اپنے جسم کی دیکھ بھال کرنی ہوتی ہے اس لئے وہ 16 سالہ کھلاڑی کی طرح ٹریننگ نہیںکرسکتیں لیکن انہیں پوری احتیاط سے کام کرتے ہوئے اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہاںسے ہر ٹورنمنٹ ان کیلئے اولمپکس کی تیاری کی اہمیت رکھے گی ۔ وہ آئندہ سال بیشتر ٹورنمنٹس میں حصہ لینگی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ان کیلئے بہت اہم ہے اور وہ ہر ٹورنمنٹ کو اولمپکس کی تیاری کے طور پر دیکھیں گی ۔ ڈسمبر میںانہیں بریک ملے گا اور وہ اس سے پوری طرح استفادہ کرتے ہوئے آئندہ سیزن کی تیاری کرینگی ۔ ڈنمارک اوپن اور فرنچ اوپن سے جلد اخراج کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ وہ اپنے کھیل کے تعلق سے بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ فرانس میں ان کا مظاہرہ زیادہ خراب نہیں رہا ۔ ہم نے عالمی نمبر 11 ایفجے مسکنس اور سیلینا پیک کو شکست دی تھی ۔ جوالا گٹہ نے ایشین گیمس میں برانز میڈل جیتنے پر ہندوستانی وومنس ٹیم کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام خاتون کھلاڑیوں نے بہترین مظاہرہ کیا ۔ ہمیں ان پر فخر ہونا چاہئے ۔ ہم جانتے ہیں کہ ایشیاڈ میں مقابلے کتنے سخت ہوتے ہیں اور ان میں کامیابی حاصل کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے ۔