فٹبال ٹیمیں مداحوں سے دُور ،پریکٹس میں مصروف

ساؤپالو۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال کا عالمی میلہ سجنے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں۔ دنیا کی بہترین 32 ٹیموں ہر چار سال بعد ہونے والے اس میلے کو لوٹنے کے لئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ہر ٹیم نے برازیل پہنچنے سے قبل مختلف ممالک میں اپنے ٹریننگ کیمپ منقعد کررکھے ہیں جہاں وہ خوب پسینہ بہا کر میگا ایونٹ کے لئے خود کو تیار کررہی ہیں۔ جرمنی ،انگلینڈ،فرانس اور میکسیکو کی ٹیمیں مختلف مقامات پر ٹریننگ کررہی ہیں۔ جرمن فٹبال ٹیم اطالوی پہاڑی ریزورٹ ٹیرول کے مقام پر پرستاروں سے چھپ کر ٹریننگ کررہی ہے۔ جہاں پلیئرس کی ایک جھلک دیکھنا مشکل ہے۔ بسوں کی کھڑکیاں سیاہ، ہوٹل کے کوریڈور عام عوام کیلئے بند اور ٹریننگ گراونڈ کوپلاسٹک شیٹ سے چھپا دیا گیا ہے۔ ٹریننگ کے پہلے دن بس کے ذریعہ 27 میں سے 23 کھلاڑی اور

کوچ جوشیام لیوف گراونڈ پہنچے۔ جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پرتگال میں پریکٹس کررہی ہے۔ انگلش کوچ رائے ہوجسن نے اعتراف کیاکہ ان کی ٹیم پر برازیل ورلڈ کپ کا بہت زیادہ دباو ہے۔ انہیں علم ہے کہ افتتاحی میچ میں انکی حریف اطالوی ٹیم پر بھی بہت دباؤ ہے۔ عالمی کپ گروپ ڈی میں انگلینڈ کا پہلا میچ 14 جون کو اٹلی سے ہوگا۔ فرنچ ٹیم نے کلیرفاونٹین میں برستے بادلوں میں تربیت کا آغاز کیا۔ کپتان ہیوگو لورس نے اس موقع پر عالمی کپ میں بہترین مظاہرہ کیلئے ٹیم ارکان سے فارم اور متحد ہوکر کھیلنے کی اپیل کی۔ میکسیکوکی ٹیم کو گروپ اے میں میزبان برازیل، کروشیا اور کیمرون کا چیلنج درپیش ہے۔ ٹیم کے میکسیکو سٹی میں ٹریننگ شروع کردی۔ ٹیم ٹریننگ کے بعد 31 مئی کو ایکواڈور اور6 جون کو امریکہ کیخلاف پراکٹس میچ کھیلے گی۔