ٹورنٹو۔8 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا میں آئندہ برس منعقد شدنی خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپس اور مقابلوں کا اعلان کر دیا گیا۔ فیفا کی نگرانی میں ساتویں ویمنس ورلڈ کپ کا افتتاحی مقابلہ 6 جون کو میزبان کینیڈا اور چین کی ٹیموں کے درمیان ایڈمنٹن شہر میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فائنل 5 جولائی کو وینکوور میں کھیلا جائے گا۔ جاپان کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ مقابلے 6 شہروں دارالحکومت اوٹاوا، وینکوور، مانٹریال، ایڈمنٹن، وینیپِگ اور مونکٹن میں کھیلے جائیں گے۔ ویمنس ورلڈ کپ میں کل 24 ٹیمیں شامل ہیں۔ ڈراز میں اِن ٹیموں کو چھ گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ گروپ سطح پر ہر ٹیم کو اپنے گروپ کی ہر ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنا ہوں گے۔ گروپ میچوں کی تکمیل کے بعد پہلے اور دوسرے مقام کی حامل ٹیمیں ناک آوٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر یں گی۔ 20 جون سے شروع ہونے والے پری کوارٹر فائنل راونڈ کے 8 مقابلوں میں 16 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ اِس کے بعد 26 جون سے کوارٹر فائنل مرحلے میں چار میچ کھیلے جائیں گے۔ دو سیمی فائنل میچ 30 جون اور یکم جولائی کو مانٹریال اور ایڈمنٹن میں کھیلے جائیں گے۔ قرعہ اندازی کے بعدگروپ اے میں کینیڈا کے ساتھ چین، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ ہیں۔ جرمنی گروپ بی میں ہے۔ جرمن ویمنس ٹیم کے گروپ کی بقیہ ٹیموں میں آئیوری کوسٹ، ناروے اور تھائی لینڈ ہیں۔ ماہرین نے اِس گروپ کو نہ سخت اور نہ ہی آسان قرار دیا گیا ہے۔ جرمن خواتین دو مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔ دفاعی چیمپئن جاپان کو گروپ سی ملا ہے۔ اِس گروپ میں دوسری ٹیموں میں سوئٹزرلینڈ، کیمرون اور ایکواڈور شامل ہیں۔