ریو ڈی جنیرو۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا میں کھیلوں کے سب بڑے ٹورنمنٹ فیفا ورلڈ کپ کے آغاز کو ایک ماہ رہ گیا ہے۔ 12جون کو برازیلی شہر سائوپالو میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں دنیا کی 32 بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹھیک ایک ماہ بعد رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد میزبان ٹیم برازیل کا سامنا کروشیا سے ہوگا۔ اس تقریب کے لیے برازیل نے 31 ممالک کے سربراہان حکومت کو مدعو کیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکورٹی اقدامات پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ ٹورنمنٹ کے مقابلے 12 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ گروپ مقابلوں کے بعد 28جون سے پری کوارٹر فائنلز کا آغاز ہو گا۔ کوارٹر فائنل مرحلہ 4 جولائی کو شروع ہو گا۔ سیمی فائنلز8 اور 9 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ دوسرے اور تیسرے مقامات کے لئے مقابلہ 12 جولائی جبکہ فیصلہ کن مقابلہ 13 جولائی کو ریو ڈی جنیرو میں کھیلا جائے گا۔برازیل نے میزبانی کی تیاری کے پیش نظر اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے 30 ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا ہے،
یہ تعداد ملک میں خدمات انجام دینے والے ڈیڑھ لاکھ مستقل پولیس عہدیداروں اور افسران کیساتھ 20 ہزار خانگی سیکورٹی گارڈس کے علاوہ ہے۔اس آپریشن میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اہلکار شامل ہیں، جنہیں جنوبی امریکہ کے اس سب سے بڑے ملک کو اس کے دس ہمسایہ ممالک سے جدا کرنے والی 16886کلومیٹر یا 10492میل طویل سرحد پر تعینات کیا جائے گا۔ یہ بین الاقوامی مربوط کوشش جون2011ء میں صدر ڈلما روسوف کی طرف سے اعلان کئے جانے والے اسٹرٹیجک بارڈر سیکورٹی پلان کا حصہ ہے۔ حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ملک کے شمال سے جنوب تک غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مملکت کی طرف سے اب تک کی جانے والی سب سے بڑی منصوبہ بندی ہے۔ اس قسم کا ایک سیکورٹی آپریشن گزشتہ سال کے کنفیڈریشن کپ سے قبل کیا گیا تھا۔