2017ء انڈر 17 ورلڈ کپ
نئی دہلی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال ورلڈ کپ 2017ء جوکہ انڈر17 زمرہ میں کھیلا جائے گا، اس کی تیاریوں کے ضمن میں آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے عہدیداروں نے آج نومنتخب وزیر اسپورٹس سربانندا سونووال سے ملاقات کی جنہوں نے فٹبال تنظیم کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ وہ اس عالمی ایونٹ کی شاندار میزبانی کے لئے پورا تعاون کریں گے۔ اے آئی ایف ایف کے جنرل سکریٹری کشال داس اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن و آئی لیگ کے وائس چیرمین انکور دتہ نے ملک کے نئے وزیر اسپورٹس سے ان کے دفتر میں ان کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی دن ملاقات کی۔ آدھا گھنٹہ طویل اس ملاقات میں وزیر اسپورٹس سونووال نے تیقن دیا کہ 2017ء میں جب ہندوستان فیفا ورلڈ کپ کی پہلی مرتبہ میزبانی کرے گا تو حکومت اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنا پورا تعاون دے گی۔ داس نے اے آئی ایف ایف کے ویب سائیٹ پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اسپورٹس سے پہلے ہی دن ان کے دفتر میں ملاقات ایک خوشگوار ملاقات رہی اور اس موقع پر میں نے انہیں انڈر 17 ورلڈ کپ کے متعلق تفصیلات فراہم کیں جس کی انہوں نے کافی دلچسپی کے ساتھ سماعت کی اور انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اس عالمی کپ کو انتہائی شاندار کامیاب بنانے کے لئے تمام تر تعاون دے گی۔ جنرل سکریٹری دتہ جن کا تعلق بھی آسام ہی سے ہے جہاں سے وزیر اسپورٹس کو بھی کامیابی ملی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں اسپورٹس کے فروغ کے لئے سونووال کا مثبت رویہ کافی حوصلہ مند ہے کیونکہ خود وزیر اسپورٹس بھی فٹبال کے مداح ہیں۔