فٹبالرعمر کانوتی جامع مسجد کی تعمیر کیلئے کوشاں

میڈرڈ ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) فرانسیسی نژاد مسلمان فٹبالر فریڈرک عمر کانوتی نے اسپین کی ریاست اندولس میں مسجد کے قیام کے لیے چندے کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فریڈرک عمر کانوتی نے اسپین کی ریاست اندولس کے دارالحکومت اشبیلیہ میں مسجد کے قیام کے لیے چندے کی اپیل کی جس کی تعمیر مسلمان دور حکومت ختم ہونے کے 700 برس بعد کی جائے گی۔ اشبیلیہ میں مسلمانوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر شہر میں مساجد کی ضرورت بھی بڑھنے لگی اور مسلمان برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کمیونٹی سنٹر بھی کھولنے کے خواہش مند ہیں۔ فریڈرک عمر نے 2007 میں ایک کمرشل جگہ کو خرید کر مسلمانوں کے حوالے کیا تھا جس کے بعد سے اس جگہ پر باقاعدگی سے نماز ہوتی ہے، فرانسیسی نژاد فٹبال مسلمان برادری کا ساتھ دینے کے لیے مہم کا حصہ بنے اورکہا ہے کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فریڈرک نے اسپین سمیت دیگر ممالک میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ مسلمانوں کی عبادت گاہ اور کمیونٹی سنٹر کے لیے دل کھول کر عطیات دیں کیونکہ اندولس کے مسلمانوں کو اس کی شدید ضرورت ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اشبیلیہ میں رہنے والے مسلمانوں کی تعداد 30 ہزار کے قریب ہے، شہر میں چھوٹی مساجد ہیں لیکن جامع مسجد کی طرز پر کوئی مسجد یا کمیونٹی سنٹر موجود نہیں ہے۔

Leave a Comment