مناکو۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) فرانس میں کھیلے گئے مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ کے مینزسنگلز فیصلہ کن مقابلے میں نمبر 13 سیڈ اٹلی کے فیبیو فوگنینی نے سربیا کے ڈوسان لائیووچ کوایک گھنٹہ اور38منٹ میں 6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرلیا۔ جو ان کے کیریئر کا دسواں خطاب بھی ہے جس کے حصول کے ساتھ وہ ایک ہزار ماسٹرز ایونٹ جیتنے والے اولین اطالوی کھلاڑی بھی بن گئے جبکہ 1999 میںگسٹافو کوئیرٹن کے بعد وہ خطاب پر قابض سب سے کمتر سیڈ پلیئر بھی ہیں۔اسی ٹورنمنٹ کا ڈبلز فائنل کروشین جوڑی نکولا میکٹک اور فرانکو اسکوگر نے جیت لیا ،ہالینڈ کے پیئررابن ہاس اور ان کے پارٹنر ویزلے کولہوف کو 6-7،7-6 11-9 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔قبل ازیں فوگنینی نے غیر متوقع مظاہرہ کرتے ہوئے مونٹی کارلو ٹینس ٹورنمنٹ کے بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی ۔ فوگنی نے 11 مرتبہ مونٹی کارلوکاخطاب جیت چکے نڈال کو ایک گھنٹے 36 منٹ میں 6-4، 6-2 سے شکست دی اور پہلی مرتبہ اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹورنمنٹ کے فائنل میں جگہ بنا ئی۔ کامیابی کے بعد فوگنینی نے کہاکہ رفا(نڈال) جب سامنے ہوں تو ہر میچ مشکل ہوتا ہے اور میچ سے پہلے میں خود کو کہہ رہا تھا کہ میرے پاس ان کو شکست دینے کے قابل کھیل ہے۔ اطالوی کھلاڑی نے اس جیت سے نڈال کے مونٹی کارلو میں مسلسل 25 سٹس اور مسلسل 18 میچ جیتنے کے سلسلہ کا اختتام کر دیا۔