پرگتی بھون میں عہدیداروں کے علاوہ زرعی سائینسدان مدعو
حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی ترقی اور اسے توسیع دینے کے مسئلہ پر 31 ڈسمبر پیر کو پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کریں گے۔ حکومت نے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا کام شروع کیا ہے جس سے زرعی شعبہ کو وافر مقدار میں پانی دستیاب رہے گا۔ زرعی شعبہ کو پانی کی بہتر فراہمی سے بہتر فصلوں اور پیداوار میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے اضلاع میں فوڈ پروسیسنگ یونٹ کے قیام کا نشانہ مقرر کیا ہے تاکہ کسانوں کو پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت حاصل ہوسکے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تلنگانہ میں فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی ترقی کے بارے میں وسیع تر مشاورت کے بعد ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ محکمہ جات انڈسٹریز، اگریکلچر کے علاوہ اگریکلچر یونیورسٹی اور ہارٹیکلچر یونیورسٹی کے سائینسدانوں کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹریز، اگریکلچر، فینانس اور انڈسٹریز بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دوپہر 2 بجے جائزہ اجلاس کا لنچ کے بعد آغاز ہوگا۔