فوڈ سکیوریٹی کارڈس کیلئے درخواستوں کی طلبی

عادل آباد 11 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی ہدایت پر مستحق خاندانوں کے افراد کو اشیائے مایحتاج رعایتی نرخ پر فراہم کرنے کی غرض سے اور جسمانی معذورین، وظیفہ بیوہ گان و معمر افراد کو ماہانہ وظیفہ فراہم کرنے کی خاطر درخواستوں کی وصولی کا کام جاریہ ماہ کی 10 تاریخ سے طے کیا جارہا ہے جو چار دن تک جاری رہے گا۔ یہ بات ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن نے مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ بلدی سطح پر وارڈ ممبر کے علاوہ بلدی عہدیدار کو امیدوار قرار دیا گیا ہے جبکہ گرام پنچایت، منڈل جات کی سطح پر بھی اسی طرح کا نظم قائم کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن نے ضلع کے عوام سے خواہش کی کہ حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والی اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کی غرض 10 اکٹوبر تا 14 اکٹوبر اپنی اپنی درخواستیں متعلقہ عہدیداروں کو داخل کریں تاکہ تلنگانہ ریاست فوڈ سکیوریٹی کارڈ حاصل ہوسکے۔ سابقہ راشن کارڈ جو آندھراپردیش حکومت کے تحت تھے اب تلنگانہ حکومت ’’فوڈ سکیوریٹی‘‘ کارڈ فراہم کرے گی ۔