فوڈ اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

محبوب نگر۔ 9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت، غریب عوام کیلئے کئی ایک ویلفیر اسکیمات عمل میں لارہی ہے، لیکن بعض محکمہ جات کے عہدیداران عمل آوری میں لاپرواہی برت رہے ہیں۔ اسکیمات پر سنجیدگی سے عمل آوری کرتے ہوئے عوام کو استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے۔ ریوینیو میٹنگ ہال میں ضلعی سطح کی فوڈ اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے ضلع کلکٹر سری دیوی نے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 986938 افراد میں فوڈ سکیورٹی کارڈ فراہم کئے جارہے ہیں جس میں 37 ہزار آنتو دیہ کارڈز بھی شامل ہیں۔ آنتودیہ کارڈ ہولڈرز کو فی کارڈ 35 کلو چاول سربراہ کئے جارہے ہیں۔ آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کا کام 66 فیصد ہوچکا ہے جبکہ فوڈ سکیورٹی کارڈز کی اجرائی کیلئے آدھار کارڈ ضروری ہے۔ انہوں نے آر ڈی اوز کو ہدایت دی کہ منڈل سطح پر فوڈ اڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی جائے۔ اجلاس میں ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر، ایم ایل ایز ڈی کے ارونا، سمپت کمار، ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجا رام، ڈی ایس او سید یٰسین کے علاوہ کل جماعتی قائدین عبید اللہ کوتوال صدر ضلع کانگریس اور عبدالہادی کونسلر اور دیگر شریک تھے۔