حیدرآباد 31جنوری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے علاقہ چکڑ پلی میں کل رات فوٹو اسٹوڈیو میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ سری گووند ڈیجیٹل اسٹوڈیو میں اچانک آگ لگ گئی جس سے افراتفری دیکھی گئی ۔ آگ کے شعلے تیزی سے بھڑک اٹھے جنہیں دیکھ کر مقامی افراد نے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو اطلاع دی جس پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کے اہلکار وہاں پہونچے اور آگ پر قابو پایا۔ اس واقعہ میں اسٹوڈیو میں رکھا سامان جل کر مکمل طور پر خاکستر ہوگیا ۔ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ بتائی جارہی ہے ۔ اس اسٹوڈیو کے اوپر لیڈیز ہاسٹل واقع ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ آگ کے شعلوں پر قابو پانے میں تاخیر پر ایک بڑا واقعہ ہوسکتا تھا اور آگ ہاسٹل تک پھیل سکتی تھی ۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ البتہ بڑے پیمانہ پر مالی نقصان ہوا ہے ۔