فوجی سپاہیوں کی قربانیوں کو ناپا نہیں جاسکتا

ہند ۔ پاک جنگ 1965 ء کی گولڈن جوبلی تقریب سے کلکٹر حیدرآباد ، راہول بوجا کا خطاب
حیدرآباد ۔ /31 ڈسمبر (پریس نوٹ) ہند۔ پاک جنگ 1965 ء کی گولڈن جوبلی تقاریب کے موقع پر کلکٹریٹ کانفرنس ہال ، عابڈس پر ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں راہول بوجا ، کلکٹر حیدرآباد ڈسٹرکٹ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس اجلاس میں اے راجندر ، ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر ، کرنل برمن ، آفیسر انچارج ایکس سروسمین ہیلپ لائن ، تلنگانہ اینڈ آندھرا سب ایریا ، ڈی ایم ٹی سے ہندوستانی بحریہ کی نمائندگی کرنے والے عہدیدار کمانڈر پراوین ، بریگیڈر (ریٹائرڈ) سی ایس ، ودیا ساگر ، سابق ڈائرکٹر سینک ویلفیر ، آندھراپردیش ، ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) بھوشن ، وائس چیرمین ضلع سینک بورڈ ، حیدرآباد ڈسٹرکٹ ، میر عابد علی ، صدر ایکس سروس مین ویلفیر اسوسی ایشن ، حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے علاوہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ سے تقریباً 100 سابق فوجیوں نے جنہوں نے ہند ۔ پاک جنگ 1965 ء میں حصہ لیا تھا اس پروگرام میں شرکت کی ۔ کلکٹر حیدرآباد ڈسٹرکٹ نے انہیں تہنیت پیش کی ۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کی تنہا جنگی بیوہ کو بھی جن کے شوہر نے ہند ۔ پاک جنگ 1965 ء اپنی زندگی کی قربانی دی تھی ۔ اس پروگرام میں تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کلکٹر ضلع حیدرآباد نے کہا کہ سپاہیوں کی قربانیوں کو ناپا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اراضی اور پنشن سے متعلق سابق فوجیوں کے مسائل کو ریاستی اور مرکزی حکومت سے رجوع کرتے ہوئے حل کیا جائے گا ۔ ڈسٹرکٹ سینک ویلفیر آفیسر لفٹنٹ (آئی این) کے پراوین کمار نے ڈسٹرکٹ کلکٹر حیدرآباد سے درخواست کی کہ 1965ء اور 1971ء کی جنگ میں حصہ لینے والے نان پنشنرس کیلئے مالی مدد کی سفارش کی جائے ۔ جس پر کلکٹر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست معقول ہے اور وہ اسے حکومت تلنگانہ سے رجوع کریں گے ۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی اور دیگر معززین کا روایتی طور پر آرمی بیانڈ کے ساتھ استقبال کیا گیا ۔ اس اجلاس میں 1965 ء کی جنگ کے 10 منٹ کے ویڈیو کلپنگس کو دیکھا گیا ۔ اجلاس کا اختتام ترانہ ’’سارے جہاں سے اچھا ‘‘ اور اس کے بعد قومی ترانہ کے ساتھ ہوا ۔