فوجی دھاؤں میں 45 مصری عسکریت پسند ہلاک

قاہرہ۔15مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر میں گذشتہ ہفتہ فوجی دھاؤں میں 45عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔فوج نے آج کہا کہ 97 مشتبہ اور مطلوب عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ 25 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ۔ فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل محمد سمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ 71گاڑیاں اور موٹر سیکلیں جو پولیس اور فوج پر حملوں کیلئے عسکریت پسند استعمال کرتے تھے تباہ کردی گئیں ۔ مصر کے علاقہ سینائی میں کئی پُرتشدد حملے عسکریت پسندوں کی جانب سے جنوری 2011ء کے انقلاب سے اب تک دیکھے گئے ہیں ۔ اس انقلاب میں سابق صدر حسنی مبارک کا تختہ اُلٹ دیا گیا تھا ۔ حملوں کا نشانہ پولیس اور فوجی تھے ۔ ان میں اسلام پسند سابق صدر محمد مُرسی کی 2013 ء میں اقتدار سے بے دخلی کے بعد شدت پیدا ہوگئی تھی ۔ اُس وقت سے اب تک 500سے زیادہ فوجی مبینہ طور پر ہلاک کردیئے گئے ہیں ۔فوج نے اس علاقہ میں صیانتی مہم شروع کرتے ہوئے مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار اور اُن کے اڈوں کو تباہ کردیا ۔ ان میں وہ سرنگیں بھی شامل ہیں جو غزہ پٹی کو مصر سے مربوط کرتی تھی ۔ان سرنگوں کے ذریعہ حماس کے جنگجوؤں کو غیرقانونی طور پر اسلحہ اور رسد مصر سے فراہم کی جاتی تھی ۔