نئی دہلی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ ایک زبردست ٹکراؤ کی طرح ہوتا ہے، وہ میدان چاہے کرکٹ ہو یا پھر ہاکی کا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ان دنوں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور اس درمیان ہاکی کے میدان پر ان دونوں ٹیموںکے درمیان مقابلہ ہونے والی ہیں۔ ہندوستانی کپتان شری جیش نے کہا ہے کہ ان کا ہندوستانی جوانوں سے وعدہ ہے کہ پاکستان کو شکست دینے کے لیے وہ جی جان لگا دیں گے۔ملائیشیا میں 20 سے 30 اکتوبر کے درمیان ایشین چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ہونا ہے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان پی آر شری جیش نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو شکست دے کر اڑی حملے میں شہید ہوئے جوانوں کی قربانی کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا ایشین چیمپئنز ٹرافی میں وہ پاکستان کو شکست دینے کے لئے پوری طاقت جھونک دیں گے۔اگرچہ شری جیش نے اڑی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا ذکر نہیں کیا، لیکن انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ایشیائی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سے ہار کر ہندوستانی فوجیوں کو مایوس نہیں کرنا چاہے گی۔