ڈومکل ( مغربی بنگال ) 23 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے پالی ٹکنکس کے ذریعہ فنی تعلیم کے فروغ اور اس میں بہتری کیلئے حکومت مغربی بنگال کی کوششوں کی ستائش کی ہے اور کہا کہ یہ نوجوانوں کو عصری ٹکنالوجی کے ساتھ با اختیار بنانے کی سمت درست قدم ہے ۔ صدر جمہوریہ نے یہاں ایک گرلز کالج کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس طرح کی پالی ٹکنکس کے ذریعہ روزگار حاصل کرسکیں گی ۔ استاذہ پر تعلیم کے فروغ میں مزید ذمہ داری نبھانے کیلئے زور دیتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہا کہ سماج کی ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم اہمیت کی حامل ہے ۔ مرشد آباد کے ماضی کے ورثہ کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ اس کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ مرشد آباد ایک زمانہ میں بنگال کا دارالحکومت تھا ۔ مغربی بنگال کے اسپیکر بمن بنرجی ‘ وزیر تعلیم پرتھا چٹرجی اور صدر جمہوریہ کے فرزند و رکن پارلیمنٹ ابھیجیت مکرجی بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔ تقریب کے بعد صدر جمہوریہ مرشد آباد ضلع کے ہیڈوکوارٹرس برہمپور کیلئے دوسری مصروفیات کے سلسلہ میں روانہ ہوگئے ۔