نئی دہلی۔4جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے سابق ہیڈ کوچ فل سمنز بھی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے امیدوار بن گئے۔بی سی سی آئی کی جانب سے امیدواروں کی جانب سے درخواست جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کے بعد ہیڈ کوچ کیلئے مقابلہ مزید سخت ہوتا جا رہا ہے۔ فل سمنز نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ فل سمنز ویسٹ انڈیز کے کامیاب کوچ اور کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی 20 خطاب اپنے نام کیا ۔ اس سے قبل درخواست دینے والے امیدواروں میں ویریندر سہواگ ،ٹام موڈی، رچرڈ پائی بس اور لال چند راجپوت شامل ہیں۔ علاوہ ازیںسابق آل راؤنڈر روی شاستری نے بھی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے باضابطہ درخواست دی ہے اور ذرائع کے بموجب ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی بشمول کئی کھلاڑی شاستری کے حق میں ہیں۔