نلگنڈہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 170 کروڑ روپئے کی تخمینی رپورٹ حکومت کو روانہ
نلگنڈہ /23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نلگنڈہ میں منظورہ میڈیکل کالج کا سال نو میں چیف منسٹر کے ہاتھوں سنگ بنیاد کے علاوہ پرتک فاؤنڈیشن کی زیر نگرانی تعمیر کردہ گورنمنٹ جونیر کالج کی عمارت کا بھی چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح کروایا جائے گا۔ بلدیہ نلگنڈہ کے حدود میں ترقیاتی کاموں کے لئے 170 کروڑ روپئے کے منصوبہ جات حکومت کو روانہ کئے گئے ہیں۔ یہ بات سابقہ ریاستی وزیر و ڈپٹی فلور لیڈر لیجسلیچر اسمبلی کے وینکٹ ریڈی نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ ریاست کی جدوجہد میں حصہ لینے پر آندھرائی حکمرانوں نے حلقہ میں ترقیاتی کاموں کی منظوری میں جانبداری برتی، لیکن علحدہ ریاست کے قیام کے بعد وہ کسی بھی طرح تمام جماعتوں سے تعاون حاصل کرتے ہوئے حلقہ کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے ایس ایل بی سی سرنگ کے کاموں کو تین برسوں میں مکمل کرنے اور موجودہ کام کرنے والے کنٹراکٹر کو ہی کام سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرنگ کے کاموں کے مکمل ہونے پر ضلع کی 2.70 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جاسکے گا اور فلورائیڈ سے متاثرہ مواضعات کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ مسٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ بلدیہ نلگنڈہ کی حدود میں 24 گھنٹے آبی سربراہی کے لئے پانگل سے دوسری پائپ لائن کی منظوری کے لئے حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ میں 40 نئے سب اسٹیشن کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے، توقع ہے کہ حلقہ میں لو وولٹیج کے مسئلہ پر کسی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کے استفسار پر بتایا کہ چند ایک بلدی ارکان کی جانب سے پارٹی سے انحراف سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی پارٹی کو کوئی نقصان ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ عوامی ترقی چاہتے ہیں اور وہ میری مکمل تائید کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ونپرتی منڈل پریشد صدر پی رام ریڈی، سابق صدر نشین بلدیہ پی وینکٹ نارائنا گوڑ، بی سرینواس اور دیگر بھی موجود تھے۔