بھینسہ۔/27ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے قریبی موضع سرسوتی نگر کے قریب نامعلوم سارقین کی جانب سے فلمی انداز میں ایک موٹر گاڑی (Eichor)کو لوٹتے ہوئے راہ فرار اختیار کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ جس میں نامعلوم سارقین نے خود کو عہدیداران (آفیسرس ) بتاتے ہوئے یہ واقعہ انجام دیا۔ تفصیلات کے بموجب گزشتہ رات دیر گئے ایک موٹر گاڑی نمبر MH20BE-3624 جو مڑچل سے انڈوں کو بھر کر نظام آباد اور بھینسہ شاہراہ سے ہوتے ہوئے مہاراشٹرا اورنگ آباد روانہ ہورہی تھی کہ اسی اثناء میں بھینسہ ۔ نظام آباد شاہراہ پر سرسوتی نگر کے قریب ایک موٹر کار مذکورہ موٹر گاڑی کے سامنے آکر رُکی اور کچھ نامعلوم افراد موٹر کار سے نیچے اتر کر موٹر گاڑی کے ڈرائیور عزیزخان کو نامعلوم افراد نے عہدیداران ( آفیسرس ) بتاکر اپنا تعارف کروایا اور گاڑی کی تنقیح ( تلاشی ) کی بات کہتے ہوئے عزیز خاں کو گاڑی سے نیچے اُتار کر اچانک مارپیٹ کرتے ہوئے نقد رقم 25 ہزار روپئے، ایک سیل فون اور دیگر اشیاء کو لوٹ کر راہ فرار اختیار کرتے ہوئے فلمی انداز میں یہ واقعہ انجام دیا جبکہ اسی اثناء میں کچھ راہگیروں نے بذریعہ فون 100 نمبر پر ربط پیدا کرتے ہوئے اس واقعہ کی اطلاع دی لیکن پولیس مقام واقعہ پہنچنے سے قبل ہی نامعلوم لٹیرے فرار ہوچکے تھے۔ بعد ازاں متاثرہ عزیز خان موٹر گاڑی ڈرائیور نے مدہول پولیس اسٹیشن میں اس ضمن میں ایک شکایت درج کرائی جس پر مدہول پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔