الرام۔17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین نے دوستانہ فٹبال میچ میں پاکستان کو 2-1 گول سے شکست دے دی۔ فلسطین کے شہر الرام کے فیصل الحسینی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے16ویں منٹ میں پاکستان کے حسن بشیر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم 36 ویں منٹ میں فلسطینی فارورڈ نورم بیونا نے کارنرپر ہیڈ سے گول کرکے میچ برابر کردیا۔ہاف ٹائم تک مقابلہ 1۔1گول سے برابر رہا ،میچ کا فیصلہ کن گول 76ویں منٹ میں فلسطین کے نظامی البداوی نے کیا۔ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ اداکرنے کی سعادت حاصل کی اور ملت اسلامیہ بالخصوص پاکستان کی خوشحالی کے لئے دعا کی،کھلاڑیوں نے تاریخی مسجد میں تصاویر بھی بنوائیں۔ بعدازاں فلسطین کے صدر محمود عباس کی طرف سے پاکستان فٹبال ٹیم کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔