عرب لیگ کے اجلاس سے فلسطینی وزیر خارجہ کا خطاب
رام اللہ۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی رہنماؤں نے عرب لیگ کی حمایت سے برطانیہ کے خلاف 1917 میں بالفور اعلامیہ کے ذریعے یہودیوں کو فلسطین میں آباد کرنے پر مقدمہ درج کرانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ایک رپورٹ کے مطابق موریتانیہ میں عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ ‘1917 کو گزرے ہوئے تقریبا ایک صدی گزر چکی ہے ‘۔فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے عرب لیگ میں خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘مذکورہ وعدے ایک ایسے فریق سے کیے گئے جو اس (زمین) کے حقدار نہیں تھے ۔ یورپ اور دیگر علاقوں سے لاکھوں یہودیوں کو ہمارے لوگوں کی قیمت پر فلسطین میں لاکر بسایا گیا’۔واضح رہے کہ مالکی نے واضح نہیں کیا کہ وہ اپنی شکایت کس ادارے میں درج کرانے کے خواہاں ہیں۔