یروشلم ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات ’مشن ایمپوسیبل‘ نہیں تھے۔ دونوں فریقین کو پائیدارامن مساعی کیلئے سخت اور مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں کل پریس کانفرنس کے دوران کیری نے کہا کہ دونوں فریقوں کو اختلافات محدود کر کے امن کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات میں وقت لگتا ہے اور دونوں جانب سے مفاہمت کے بعد ہی بڑی پیش رفت ممکن ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل میں فلسطینیوں کی جانب سے امن مساعی میں سنجیدگی پر شک پایا جاتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ تین روزہ دورے پر اسرائیل میں ہیں، وہ اس دورے کے دوران فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔
ایران پر عسکریت پسندوں کی تربیت کا الزام
دبئی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بحرین نے ایران کے پاسداران انقلاب پر الزام عائد کیا کہ وہ اپوزیشن عسکریت پسندوں کو دھماکو مادے اور تربیت فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ خلیجی مملکت پر حملے کرسکیں۔ بحرین پر سنی مسلم شاہی خاندان کی حکومت ہے لیکن یہاں کی غالب آبادی شیعہ ہے۔ حکومت نے بیشتر شیعہ زیرقیادت شورشوں کو 2011ء میں کچل دیا ہے اور شیعہ غالب آبادی والے ایران پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ اس کے داخلی امور میں مداخلت کررہا ہے۔
لیبیا : برطانوی شخص اور کیوی خاتون
کو گولی مار دی گئی
طرابلس ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیائی فوجی دستوں نے ایک برطانوی شخص اور نیوزی لینڈ کی ایک خاتون کی لاشیں طرابلس کے جنوب مغرب میں پائیں ، جنھیں گولی مارکر ہلاک کردیا گیا، ایک سکیورٹی ذریعہ نے آج یہ بات کہی ۔ اُس نے بتایا کہ برطانوی شخص اور کیوی خاتون جن کے بدن پر گولیوں کے نشان پائے گئے ان کی نعشیں جمعرات کی دوپہر ملیطہ کے ساحل سے دستیاب ہوئیں۔ یہ لاشیں طرابلس منتقل کردی گئیں ۔ اس ذریعہ نے ان اموات کا سبب بننے والے حالات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اس رپورٹ سے واقف ہے اور اس کی تصدیق کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ ربط میں ہے۔