مقبوضہ بیت المقدس ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیر برائے عوامی تحفظ گیلاد اردان نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ فلسطینی قیدی جو کہ حماس کے رکن رہ چکے ہیں، انھیں اس سال فٹبال ورلڈ کپ کے میچ نہ دیکھنے دیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میرا کوئی ارادہ نہیں کہ جب تک اسرائیلی فوجی اور یرغمالی غزہ کی پٹی میں ہیں، میں حماس کے رکن قیدیوں کو ورلڈ کپ کے میچوں کا لطف اٹھانے دوں۔‘وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے اسرائیل پریزن سروس کو حماس قیدیوں پر دباؤ بڑھانے کہا ہے۔موجودہ قوانین کے مطابق قیدیوں کو ٹی وی دیکھنے کی اجازت ہوتی ہے تاہم گیلاد اردان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آئندہ ورلڈ کپ سے قبل قواعد میں کوئی تبدیلی لائی جا سکے۔