کریم نگر /18 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اللہ تعالی جن اشخاص سے جس طرح کے کام لینا چاہتا ہے ۔ انہیں اس کی توفیق عطا فرماتا ہے ۔ ادارہ خادمان ملت کی جانب سے سماجی بھلائی کیلئے جو بھی خدمات انجام دئے جارہے ہیں بے شک وہ قابل تحسین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین کریم نگر صدر ایم اے حامد نے کیا ۔ وہ ادارہ خادمان ملت کے دفتر میں خواتین کو قرض حسنہ نقد رقم اور سلوائی مشین کے تقسیم پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ اس طرح کے فلاحی خدمات کی انجام دہی میں محض اللہ تعالی کی خوشنودی و اجر کیلئے بلا کسی معاوضہ اہل خیر حضرات کی مالی امداد ، تعاون سے پچھلے 20 برس سے انجام دیتے آرہے ہیں ۔ مجھے شرکت کی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے اعزازی صدر ایس راجیا گوڑ ریاستی نائب صدر کے مشورہ پر ٹی این جی اوز شاخ کریم نگر کی جانب سے ادارہ خادمان ملت کو دس ہزار روپئے کا گرانقدر عطیہ دینے کا اعلان کیا اور اسی کے ساتھ ٹی این جی اوز کی میٹنگ میں رائے مشورہ کے بعد ہر ماہ بھی کچھ نہ کچھ مالی تعاون دینے کا اعلان کیا ۔ قبل ازیں راجیا گوڑ نے ادارہ خادمان ملت کے فلاحی پروگراموں طالب علموں کی امداد ، بیماروں کیلئے امداد ، بلاسودی قرض ، غریب لڑکیوں کی شادی میں امداد ، لاوارث میتوں کی تجہیز و تکفین جیسے کاموں کی انجام دہی ، واقعی اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ سماج میں غریب امیر ، صحت مند بیمار کی خوشحالی ، پریشان حال کی ممکنہ امداد کرنا دنیا کی سب سے بڑی انسانی خدمات ہے ۔ ایسے اداروں کی ہر شخص کو مدد کرنا چہائے ۔ قبل ازیں عمر بن سعید نے ادارہ کی جانب سے دئے جارہے قرض حسنہ اور ٹیرلنگ سنٹروں کی تفصیلات پیش کی ۔ سکریٹری صمد نواب نے متصراً ادارہ کی کارکردگی بیان کی ۔ اس تقریب میں مقیم الدین احمد ، سرور بیاباینی ، ایم اے متین ، افضل وغیرہ شریک تھے ۔