فلاحی کاموں میں بھی تعاون کرنے پولیس ملازمین سے خواہش

محبوب نگر میں جرائم سے متعلق منعقدہ اجلاس سے ضلع ایس پی کا خطاب
محبوب نگر۔/18 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں اور فلاحی کاموں میں بھی ضلع عہدیداروں سے تعاون کرے۔ یہ مشورہ ضلع ایس پی ڈاکٹر انورادھا نے اپنے آفس میں منعقدہ جرائم سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ آئندہ خریف سیزن کیلئے نقلی کھاد کی فروخت کو روکنے کیلئے خصوصی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ زیر التواء کیسس کی فوری یکسوئی کرلی جائے۔ پولیس پر عوام کا جو اعتماد ہے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے متاثرین کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے باقی رکھا جائے۔ سڑک حادثات، زرعی معاملات، ضبط شدہ گاڑیوں کے کیسیس جتنا جلد ہوسکے مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں حال ہی میں کئے گئے دھاوؤں سے نقلی اشیاء کی خرید و فروخت پر شکنجہ کس لیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی وینکٹیشورلو، ایم وی آئی سرینواس ریڈی، فائر آفیسر سرینواس، اے ڈی زراعت سویتا، ڈی ایس پیز بھاسکر، سریدھر، گری بابو و دیگر موجود تھے۔ اجلاس کے اختتام پر ضلع پولیس عہدیداروں کو سائیکالوجسٹ لکشمن نے ’’ قائدانہ صلاحیتوں‘‘ کے موضوع پر مخاطب کیا۔