فریضہ حج کی ادائیگی میں جذبہ ایثار کا درس

ورنگل /19 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوبیہ پنجتن کالج میں ورنگل میں عازمین حج کیلئے حج تربیتی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مولانا نجم الدین گیلانی ، ڈاکٹر عزیز احمد عرسی ، ڈاکٹر انیس صدیقی نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام عازمین خوش قسمت ہیں ۔ جنہیں اللہ تعالی ، حج کیلئے چُنا ہے ۔ تمام عازمین کو چاہئے کہ وہ زیادہ تر وقت عبادتوں میں گذاریں ، حج خدا کی طرف سے پیش بہا اور عظیم ہدیہ و تحفہ ہے ۔ محبوبیہ پنجتن کالج ورنگل میں منعقدہ حج تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے انجمن حجاج حج سوسائٹی کے ذمہ داران مولانا خواجہ نجم الدین گیلانی ، ڈاکٹر انیس صدیقی ، ڈاکٹر عزیز احمد عرسی نے مزید کہا کہ حج بیت اللہ اسلام کے ان پانچ ارکان میں سے ایک رکن ہے جن پر اسلام کی ساری عمارت قائم ہے اور یہ ایک ایسی عظیم الشان عبادت ہے جس کی بڑی فضیلت ، اہمیت اور عظمت ہے ۔ فریضہ حج کی ادائیگی سے قربانی ، جذبہ ایثار اور اطاعت خداوندی کا درس ملتا ہے ۔ دل کا پاک اور روح کا بلند مرتبہ ہونا تمام عمر کے گناہوں کا معاف ہوجانا تاثیر حج کی واضح دلیل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج مبرو کا بدلہ جنت کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ جس کو ادا کرتے ہوئے اس کے مقام آداب و شرائط کا لحاظ رکھا گیا ہو ۔ نیت پاک ہو ، حرام پیسے اس میں نہ لگائے گئے ہوں ظاہر ہے کہ جس عمل کا بدلہ جتنا بڑا ہوگا اس کو ادا کرنے کیلئے اسی قدر اہتمام کرنے کی ضرورت ہے ۔ تمام عازمین کو چاہئے کہ حج کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہدایت پر عمل کریں ضرورت سے زیادہ سامان ساتھ نہ لے جائیں صبر و تحمل کے ساتھ حج کے سفر کا آغآم کریں ۔ غیر ضروری گفتگو نہ کریں ، عازمین حج کو تلبیہ پڑھنے اور اس کے معنی ذہن نشین کروائے گئے ۔ تمام عازمین حج کے ا حکام و مسائل سیکھ کر جائیں اور اس کے آداب و احکام کو صحیح طور پر ادا کریں ۔ خلوص اور اخلاص کا مظاہرہ کریں ۔ عازمین کو چاہئے کہ ابھی سے روزانہ پیدل چلنے کی عادت ڈالیں حج تربیتی کیمپ کے انعقاد اور عازمین کی خدمت محبوبیہ پنجتن ایجوکیشنل سوسائٹی کے سکریٹری خواجہ محمد حسن شریف ، جوائنٹ سکریٹری محمد عثمان ، سعادت اللہ ، محمد عبدالقدیر انچارج پرنسپل ڈگری کالج ، سید امیرالدین حسینی پرنسپل جونئیر کالج ، محمد زبیر ( مالک زبیر بک اسٹال ) محمد مجاہد صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا ، جرنلسٹ ایم اے نعیم ، خواجہ عظیم الدین ، محمد قادر علی ، خلیق الزماں ، محمد ربانی اور دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر تمام عازمین حج کی خواجہ محمد حسن شریف ، محمد زبیر کی جانب سے بکثرت گلپوشی کی گئی ۔ تمام عازمین کیلئے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں مولانا خواجہ نجم الدین گیلانی کی دعاء پر حج تربیتی کیمپ کا اختتام عمل میں آیا ۔