فرقہ پرست جماعتوں کی پیشرفت روکنے کا مشورہ

مریال گوڑہ۔25 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ کے حلقہ اسمبلی ساگر اور حلقہ اسمبلی حضور نگر کا ایک روزہ انتخابی دورہ کرتے ہوئے سابق ریاستی وقف بورڈ چیرمین محمد افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے کانگریسی امیدوار حلقہ اسمبلی حضورنگر این اتم کمار ریڈی کے ساتھ منڈل مٹم پلی کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک ایسی جماعت ہے جو سیکولر ذہین رکھتی ہے ۔ 125سالہ قدیم کانگریس ہندوستان میں سب سے زیادہ حکومتک رنے والی جماعت ہے ۔ مسلمانوں کے لئے کانگریس دور حکومت میں کئی فلاح و بہبود کے کام انجام دیئے گئے ۔ نوجوانوں کی تعلیم کیلئے میناریٹی بجٹ سے کروڑوں روپئے کی امداد مسلم طلباء وطالبات کو فراہم کی گئی ۔ وقف جائیدادوں کا تحفظ کے علاوہ ریاست میں چار فیصد تحفظات مسلمانوں کو فراہم کئے گئے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ آج فرقہ پرست جماعتیں بہت تیز رفتار سے آگے بڑھ رہی ہیں ۔ ان فرقہ پرست جماعتوں کو مسلمان اپنی قیمتی ووٹ سے ان کو اقتدار پر آنے سے روکیں اور ریاست تلنگانہ سے زیادہ سے زیادہ کانگریسی ایم پیز کو پارلیمنٹ روانہ کرتے ہوئے راہول گاندھی کی قیادت کو مضبوط بنائیں ۔ اس لئے کہ تلنگانہ کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی دلی خواہش کو سونیا گاندھی نے پورا کیا ۔ تلنگانہ کی عوام زیادہ سے زیادہ کانگریس کے تمام امیدواروں کو کامیاب بناکر پھر ایک بار تلنگانہ ریاست میں کنگریس کو اقتدار سونپے۔ اس موقع پر مٹم پلی سابق سرپنچ ‘ محمد نظام الدین ‘حضور نگر قاضی ‘ محمد عبدالسمیع کے علاوہ مسلمانوں کی کثیر تعداد شریک رہی۔