فرقہ پرستی و بدعنوانیوں کو روکنا عام آدمی کی ذمہ داری

بیدر:28مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عام آدمی پارٹی کے امیدوار پروفیسر چندرکانت کلکرنی نے کل شام قدیم شہر کے چوبارہ ، گاوان چوک ، اور احاطہ مدرسہ محمودگاوان پہنچ کر اپنی پارٹی کا زوردار پرچار کیا۔ اور کہاکہ ملک میں فرقہ پرستی اور بدعنوانی کو روکنا عام آدمی کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری وہ اسی وقت پوری کرسکتاہے جب وہ اچھے امیدوار کو پارلیمانی انتخابات میں جتاکرلائے۔ عام آدمی پارٹی عوام سے ملنے ان سے ان کی مشکلات جاننے اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ بیدر پارلیمانی حلقہ سے جو امیدوار آپ کو اچھا لگتاہے اس کے حق میں اپنا ووٹ کریں ۔ ہمارے پاس نہ ہی پیسہ ہے اور نہ ہی ہم کسی چیز کو خریدسکتے ہیں اور ووٹ تو ہم خریدہی نہیں سکتے۔ کرپشن کو ختم کرنے کے لئے پہلے قدم پر ووٹوں کی خریدوفروخت اور مفت شراب کی تقسیم اور ووٹ کے لئے مختلف قسم کے لالچ ان پر روک لگنی چاہیے۔ چوبارہ کے پاس کی ہوٹلوں، پان شاپس ، گاوان چوک کے پاس واقع ہوٹلوں ، پان شاپس ، پھول کی دوکانوں ، سڑکوں پر سستانے کے لئے کھڑے افراد سے مل کر انھوں نے اپنی پارٹی کی مدد کرنے کی اپیل کی ۔ اور بتایاکہ میں قدیم شہر ہی کارہنے والاہوں ۔ اورعام شہری ہوں ۔ چندایک افراد نے پروفیسر چندرکانت کلکرنی کے سامنے عوام کے مسائل رکھے۔ انورنامی الیکٹریشن نے بتایاکہ نریندرمودی کی فرقہ پرستانہ لہرکو صرف عام آدمی پارٹی ہی روک سکتی ہے۔ ترکاری فروخت کرنے والے ایک شخص نے بتایاکہ ہم تک پہنچ کر ہمارے مسائل جاننے والا آج تک کوئی نہیں ملا۔ چند طلباء نے پروفیسر کی پارٹی سے اتفاق کیا۔ اسی طرح ایک شخص نے پارٹی کے صدر اروندکیجریوال کے وزیراعلیٰ کے عہدہ کے چھوڑنے کو ناپسند کیااور کہاکہ انھوں نے جو سڑک پربیٹھ کر ہڑتال کی وہ بھی غلط تھا۔ ایک سی ایم ایسانہیں کرسکتا۔ چشتیہ پورہ کی بزرگ شخصیت نے کہاکہ ہم بی جے پی اور کانگریس سے بیزار ہوچکے ہیں ، ہمار اووٹ عام آدمی پارٹی کے لئے رہے گا۔ ان ملاقاتوں کے دوران پوچھے گئے تمام سوالات کے پروفیسر چندرکانت کلکرنی نے بہتر جوابات دینے کی کوشش کی ۔