قاضی سید ارشد پاشاہ ترجمان تلنگانہ کانگریس کا بیان
نظام آباد /25 جنوری (پریس نوٹ) قاضی سید ارشد پاشاہ سرکاری ترجمان تلنگانہ اسٹیٹ کانگریس پارٹی نے کہا کہ ملک کی ان تمام ریاستوں میں جہاں اپوزیشن پارٹیاں کانگریس کے خلاف منظم طورپر گمراہ کن پروپیگنڈا کے ذریعہ عوام کو موقتی طورپر کانگریس سے دور کرکے اقتدار پر فائز ہو گئی ہیں، اب ان کی آزمائش کا دور شروع ہو چکا ہے۔ آنے والے دنوں میں عوام کو معلوم ہو جائے گا کہ کانگریس مخالف جماعتیں کس حد تک عوام کے لئے مخلص تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کے لئے ملک کا سیاسی اور عوامی ماحول بڑی حد تک سازگار ہو جائے گا اور کانگریس نہایت ہی منظم طریقے سے عوام کے دلوں کو جیت لے گی۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ملک کی اقلیتوں کے لئے ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ بی جے پی حکومت کی پشت پناہی سے زعفرانی تنظیمیں مذہبی، لسانی، علاقائی اور ذات پات کی منافرت پھیلانے کے لئے متحرک ہو گئی ہیں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ہر روز زہر آلود پروپیگنڈے کئے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے سارے ملک میں امن و یکجہتی کے لئے شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں بھی برسر اقتدار پارٹی علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو اپنا کارنامہ قرار دیتے ہوئے من مانی کر رہی ہے اور سیاسی انحراف کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ کئی کانگریس قائدین منحرف ہو چکے ہیں، لیکن چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، جب کہ عوام کو معلوم ہو جائے گا کہ ان جماعتوں نے خوش کن وعدوں کے ذریعہ انھیں گمراہ کیا تھا۔ قاضی سید ارشد پاشاہ نے اس بات پر زور دیا کہ تلنگانہ حکومت اپنے معلنہ وعدوں کی تکمیل کرے۔