کولکاتا ، 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بیف کھانے کی افواہوں پر دادری میں ایک شخص کے قتل پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے ترنمول کانگریس ایم پی سلطان احمد نے آج کہا کہ وزیراعظم کو ملک میں جاری فرقہ وارانہ واقعات پر لب کشائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے اب تک اس سلسلہ میں کوئی بیان نہیں دیا۔ آر ایس ایس اور دیگر تنظیموں کو ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے سے باز رکھنے کیلئے مودی کا بیان دینا ضروری ہے۔ سلطان احمد نے مزید کہا کہ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا وزیراعظم مودی مسلم شخص کے حالیہ قتل پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ صرف گوشت کھانے کی افواہوں پر ایک شخص کا قتل کیا جانا سنگین معاملہ ہے۔ اس طرح ملک میں فرقہ وارانہ زہر پھیلایا جارہا ہے۔ اس سے ملک کا سکیولر تانابانا بکھر جائے گا۔ مودی ہر مسئلہ پر بول رہے ہیں لیکن وہ فرقہ وارانہ واقعات پر خاموش ہیں، انہیں آر ایس ایس، وی ایچ پی کو فرقہ وارانہ امن و ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے ہرگز اجازت نہیں دینی چاہئے۔