معذورین خدمت سنٹر سے جبراً وصولی ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ ، مہیش مرلی بھگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) میڑپلی پولیس نے ایک کارروائی میں فرضی پولیس کی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 8 افراد بشمول 2 خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں عاشق جوڑا بھی شامل ہے ۔ جو فرضی شناختی کارڈز کے ذریعہ خود پولیس ملازمین ظاہر کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہے تھے ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی جو آج یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے گرفتار افراد کو پیش کیا اور بتایا کہ معذورین کے خدمت سنٹرز کے ذمہ داروں کو دھمکاکر پولیس کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے ان سے جبراً وصولی کی گئی ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 91 ہزار روپئے نقد رقم فرضی شناختی کارڈز اور سیل فون و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے ٹولی کے اصل سرغنہ 34 سالہ بی کمار بابو ساکن یوسف گوڑہ کرشنا نگر کے ساتھ ٹولی کے دیگر اراکین 26 سالہ دیوی ریڈی سرینواس ریڈی ساکن بی ایس مقطعہ ایڈوکنڈالو ساکن بنجارہ ہلز 38 سالہ ارجن کمار ساکن کارخانہ 22 سالہ دپتی پرسنا ساکن مہدی پٹنم 26 سالہ سائی کرشنا ساکن امیر پیٹ 24 سالہ کے گنیش ساکن بوڑاپل اور 22 سالہ جوتی ساکن بوڑاپل کو گرفتار کرلیا ۔ جوتی اور گنیش عاشق و معشوقہ بتائے گئے ہیں ۔ اصل سرغنہ کمار بابو سابق میں فرضی پولیس کے معاملات میں ملوث ہے ۔ اس کے خلاف 2 غیر ضمانتی وارنٹ زیر التواء ہیں جوبلی ہلز میں 3 ایس آر نگر میں 2 بنجارہ ہلز ، پنجہ گٹہ ، سرور نگر ، ملک پیٹ ، صنعت نگر ، ایل بی نگر پولیس کے تحت ایک ایک مقدمات میں یہ ملوث ہے۔ جبکہ جیل میں ٹولی کے دو اراکان سے ملاقات اور دوستی کی جیل سے رہائی کے بعد اس کا رابطہ عاشق جوڑے سے ہوا اور ایک کے بعد 8 افراد کو ٹولی میں شامل کرلیا ۔ جس کے بعد اس نے منظم انداز میں ٹولی کے ارکان کو متحرک کیا اور سازش تیار کی گئی ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 26 اپریل کے دن منصوبہ بند طریقہ سے معذورین ایک سنٹر پہونچکر خود کو پولیس ظاہر کیا اور اپنی شناخت کے بعد اصل سرغنہ اور ٹولی نے وہاں ایک شخص کے ساتھ مارپیٹ کی اور جبراً 7 ہزار روپئے چھین لئے اور اس طرح اس سنٹر کے دیگر اراکین اور ذمہ داروں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک کے بعد دیگر کے مکانات پہونچکر ایک سے 70 ہزار اور دو افراد سے فی کس 40 ہزار روپئے اور ایک خاتون سے اس کے بھائی کی رہائی کیلئے ایک لاکھ روپئے حاصل کئے گئے ۔ اس ٹولی نے کل ایک لاکھ 80 ہزار روپئے لوٹ لئے اولا کیاب کے ذریعہ معذورین کے سنٹر پہونچکر یہ کارروائی انجام دی گئی ۔ پولیس نے شکایت کے بعد چوکسی اختیار کرتے ہوئے خفیہ اطلاع پر اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر عہدیدار موجود تھے ۔