بنگلور:/22 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولس نے آج چھ رکنی ایک گینگ کو گرفتار کر لیا ہے جو سپاری قاتلوں کو فرضی پاسپورٹ کے حصول کے لیے درکار جعلی اسناد فراہم کیا کرتی تھی۔پولس نے بتایا ہے کہ گرفتار شدہ گینگ کے ارکان کے نام الیاس،سلیم،منیر،سدراجو،نوین اور عبدل ہیں۔اس گینگ کی موجودگی کا انکشاف ایک سپاری قاتل انور کی گرفتاری کے بعد ہوا جسے پولس نے گزشتہ ماہ ٹائمز بار اینڈ ریستوراں کے پارٹنر چیتن کو پستول دکھا کر قتل کرنے کی دھمکی دینے کے الزام میں اسیگرفتار کر لیا تھا ۔انور سے پوچھ تاچھ میں پولس کو اس بات کا انکشاف ہوا۔کہ ایک گینگ بنگلور میں کارکرد ہے جو بین ریاستی قاتلوں کو فرضی پاسپورٹ کے حصول کے لیے درکار جعلی سرتیفکٹ مہیا کرواتے ہوئے ان کی مدد کررہی ہے۔دبئی سے آپریٹ کی جانے والی گینگ نے چیتن کو ہفتہ دینے کے لیے کہا مگر اس نے مطلوبہ رقم کو پہنچانے میں تساہلی سے کام لیا۔انور حسین چیتن کے قتل کے بعد دبئی فرار ہونے کا منصوبہ رکھتا تھا مگر یہ کام ممکن نہیں تھا کیوں کہ منگلور میں اس کے خلاف متعدد کیس درج تھے اور وہ پولس کو مطلوب تھا چنانچہ اس نے گرفتار شدہ گینگ سے ربط قائم کیا تا کہ جعلی دستاویز کے ذریعے اصلی پاسپورٹ حاصل کیا جاسکے۔اس گینگ نے انور کے نام پر جعلی ووٹر آئی کارڈ ،جعلی اسکول تی سی اور جعلی برتھ سرٹیفکٹ فراہم کی۔مگر اس سے قبل کہ وہ پاسپورٹ حاصل کرتا اور دبئی کے لیے فرار ہوجاتا اسے ایک قتل کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔نوین اور عبدل بنگلور ون میںکام کیا کرتے تھے جو لوگوں کو آئی کارڈ ،راشن کارڈ ،بجلی کے بل اور دیگر کاموں میں مدد دینے کے لیے کھولا گیا تھا وہاں ان لوگو ں نے یہ دھندہ شروع کیا تھا۔