فرضی ووٹرکارڈس معاملہ کی جانچ : الیکشن کمیشن

نئی دہلی ۔3جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں فرضی ووٹروں کے معاملے کو لے کر ریاست کے لیڈروں کے ذریعہ دہلی میں الیکشن کمیشن میں کی گئی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن جانچ کے لئے دو ٹیم بھوپال بھیجے گی۔اے این آئیکے مطابق الیکشن کمیشن کی ٹیم ہوشنگ آباداور بھوپال میں فرضی رائے دہندگان کی جانچ کرے گی اور پتہ لگائے گی کہ گڑبڑی کہاں اور کیسے ہوئی؟ گڑبڑی کو کیسے ٹھیک کیا جاسکتا ہے، اس کے بھی مشورہ ریاستی الیکشن کمیشن کو دے گی۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم 7 جون کو رپورٹ کمیشن کو سونپے گی۔اس دوران جیوتی رادتیہ سندھیا نے الزام لگایا کہ یہ سب بی جے پی کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ گزشتہ 10 سال میں مدھیہ پردیش کی آبادی میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا، لیکن رائے دہندگان کی تعداد میں 40 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔ ہم نے ہر ایک اسمبلی حلقہ میں جانچ کی تو پتہ چلا کہ ایک ووٹر کانام 26 لسٹوں میں ہے۔ سندھیا نے کہا کہ ایسا دوسری جگہوں پر بھی ہوا ہے۔دوسری جانب کمل ناتھ نے الزام لگایا کہ ہم الیکشن کمیشن کو ثبوت دیں گے کہ ریاست میں 60 لاکھ فرضی ووٹر ہیں۔ یہ نام جان بوجھ کر لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ یہ انتظامی لاپرواہی نہیں، انتظامیہ کاناجائز استعمال ہے۔