حیدرآباد ۔ /30 جنوری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے فرضی سی بی آئی عہدیدار کو گرفتار کرلیا جو اپنے قریبی رشتہ دار کو سمنٹ کمپنی سے بڑے پیمانے پر پراجکٹس دلانے کا خواہشمند تھا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر پالا راجو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 25 سالہ ایس کرشنا چیتنیا متوطن ضلع نیلور پیننا سمنٹ انڈسٹریز کے انتظامیہ کو بذریعہ فون یہ ظاہر کیا کہ وہ سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن ( سی بی آئی) کا عہدیدار ہے اور خود کی شناخت جگدیش کی حیثیت سے کی ۔ چیتنیا نے پیننا سمنٹ کے انتظامیہ سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ سمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر سے ملاقات کا خواہشمند ہے اور وہ سمنٹ کمپنی کے خلاف زیرالتواء مقدمات میں چارج شیٹ کے دوران مدد کرسکتا ہے ۔
سمنٹ کمپنی کے انتظامیہ نے اس بات کی اطلاع حیدرآباد کے سی بی آئی عہدیداروں کو دی اور تحقیقاتی ایجنسی نے سی سی ایس پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں فرضی سی بی آئی عہدیدار کے فون کالس کی اطلاع دی گئی ۔ سائبر کرائم پولیس نے فرضی سی بی آئی عہدیدار یعنی جگدیش کے فون نمبر سے اس کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی اور اسے حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ تحقیقات کے دوران کرشنا چیتنیا نے یہ بتاتا کہ اس کے ایک قریبی رشتہ دار کو اکثر پیننا سمنٹ کمپنی سے بڑے پراجکٹس موصول ہوتے تھے ۔ لیکن گزشتہ چند عرصہ سے پراجکٹس کی حوالگی میں پیننا سمنٹ تاخیر کرنے لگی ۔ رشتہ دار کو پراجکٹس دلانے کی غرض سے چیتنیا نے خود کو سی بی آئی عہدیدار جگدیش ظاہر کرتے ہوئے سمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سے راست تعلق قائم کرتے ہوئے پراجکٹس دلانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا ۔ سی سی ایس پولیس نے گرفتار فرضی سی بی آئی عہدیدار کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا ۔