دو افراد گرفتار ، ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /22 جون (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے فرضی ریسارٹ کلب کی رکنیت دینے کے بہانے 9 کروڑ کی دھوکہ دہی میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 سالہ شیخ قادر باشاہ اور اس کا ساتھی پی وجئے کمار جو آپس میں گہرے دوست ہیں اور سابقہ میں بیگم پیٹ کنٹری کلب میں ملازمت کرچکے ہیں اور اس کے بعد خیریت آباد میں واقع پرایاریٹی سرویسیس نامی کمپنی میں ملازمت کرتے ہوئے اُس کمپنی کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا ۔ بعد ازاں اس کمپنی کو فارچیون گروپس آف اسٹیٹس کا نام دیا گیا ۔ اس کمپنی کی آڑ میں مذکورہ دو دھوکے باز مشہور ریسارٹس کلب کی رکنیت دینے کے بہانے عوام سے کروڑہا روپئے کی رقم حاصل کرلی تھی ۔ اتنا ہی نہیں بعض اراضی کی پلاٹنگ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کئی افراد سے کروڑہا روپئے حاصل کرلئے تھے ۔ ضلع ناگرکرنول میں بھی مذکورہ دھوکے بازوں نے بھی 11 ایکر اراضی خرید لی اور کلب کی رکنیت حاصل کرنے پر آسان قسط میں پلاٹ فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے 2000 افراد سے 9 کروڑ روپئے حاصل کرلئے ۔ اس سلسلے میں دھوکہ دہی کا شکار متاثرین نے پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ ، عابڈس اور تکا رام گیٹ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف شکایت درج کروائی تھی ۔