فرانس کے اخبار چارلی ہیبڈو کے خلاف قانونی کارروائی

دل آزار کارٹونس کی اشاعت ناقابل برداشت ، تنظیم اسلامی کوآپریشن کا ردعمل
جدہ ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی تنظیم اسلامی کوآپریشن (او آئی سی) نے حضورؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے فرانسیسی اخبار چارلی ہیبڈو کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ او آئی سی نے ہفتہ وار اخبار کی گستاخانہ حرکتوں پر مقدمہ دائر کرنے اور جرمانہ عائد کرنے پر غور کیا ہے ۔ سعودی عرب کے سابق وزیر ثقافت موجودہ تنظیم اسلامی کوآپریشن کے سربراہ نے اخبار کی نئی اشاعت کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ایک احمقانہ حرکت ہے ۔ عالم اسلام کی نمائندہ تنظیم او آئی سی نے آج مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دل آزار کارٹونوں کی اشاعت پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ عیاد مدنی نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں فر انس کے ہفتہ وار اخبار چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ کارٹونس شائع کئے تھے ۔ 57 قومی تنظیم اسلامی کوآپریشن کے انسانی حقوق کے ادارہ نے الزام عائد کیا کہ چارلی ہیبڈو نے اسلام کی نہایت ہی مقدس شخصیت کی شان میں گستاخی کی ہے ۔ اس ادارہ نے دنیا کی 1.5 بلین مسلم آبادی پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے دل آزار واقعات پر بھڑک کر سڑکوںپر نہ نکلیں بلکہ ان کے صبر و تحمل کا مظاہرہ ہی امن پسند اسلام کا ثبوت ہوگا ۔ یہ اپیل اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ ہفتہ فرانس کے اخبار نے پھر گستاخی کرتے ہوئے کارٹونس شائع کئے تھے جس پر ساری دنیا میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں ۔ نائجیریا میں شدید بدامنی پھیل گئی ہے کم از کم 8 گرجا گھروں کو آگ لگادی گئی ہے ۔ سعودی عرب کی مسلم تنظیم نے دل آزار کارٹونوں کی اشاعت کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی حرکت مسلمانوں کے تعلق سے غیر سنجیدہ ہونے کا ثبوت ہے ۔ اس ادارہ نے قبل ازیں /7 جنوری کو اخبار کے دفتر پر کئے گئے دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کی تھی ۔