’’حارث نظاری کو 31 جنوری کو امریکی ڈرون سے نشانہ بنایا گیاتھا‘‘
صنعاء ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں امریکہ کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں القاعدہ کا ایک سرکردہ جنگجو حارث النظاری ہلاک ہوگیا ہے۔ جزیرہ نما عرب میں القاعدہ نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔القاعدہ کی اس شاخ نے ٹویٹر پر جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ”النظاری سمیت چار جنگجو 31 جنوری کو یمن کے جنوبی صوبے شیبوہ میں ایک کار پر صلیبی امریکیوں کے ڈرون حملے میں مارے گئے تھے”۔تنظیم نے باقی تین جنگجوؤں کے نام سعید عوض بافرج ،عبدالسمیع ناصر الحداء اور عزام الحضرمی بتائے ہیں۔قبائلی ذرائع نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ میزائل حملے میں ان کی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔واضح رہے کہ حارث النظاری نے پیرس میں تومین آمیز خاکے شائع کرنے والے میگزین چارلی ہیبڈو پر 7 جنوری کو حملے کے بعد فرانس میں مزید حملوں کی دھمکی دی تھی۔ اس نے فرانس میں حملوں کے بعد 10 جنوری کو ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں کہا تھا کہ ”آپ کے لیے بہتر یہی ہے آپ مسلمانوں کے خلاف جارحیت ختم کردیں تاکہ آپ بھی پْرامن طریقے سے رہ سکیں۔اگر آپ اس سے انکار کرتے ہو اور جنگ مسلط کرتے ہو تو پھر جوابی حملوں کے لیے بھی تیار رہو”۔