لاہور۔7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی کی سالانہ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کل کراچی میں ہوگااورکھلاڑیوں پر انعامات کی بارش ہو گی، بہترین بیٹسمین اورکرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔پی سی بی کے سالانہ ایوارڈ ز میں سال کے بہترین بیٹسمین اورکرکٹر آف دی ایئر کا انتخاب بھی ہوگا جس کیلئے فخر زمان مضبوط امیدوار ہیں۔بہترین بولر کا انعام حسن علی کے حصے میں آنے کا امکان ہے۔ پاکستان کے نمبر ون آل راؤنڈر کے لئے شاداب خان اور فہیم اشرف میں سخت مقابلہ ہوگا۔ ابھرتے کھلاڑی کے زمرے میں اوپنر امام الحق کا نام سرفہرست ہے۔ تقریب میں کھلاڑیوں کو ٹی ٹونٹی پلئیر آف دی ائیر اور ٹسٹ کرکٹر آف دی ائیر کے ایوارڈز بھی ملیں گے۔ سابق کپتان اور اسٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ایوارڈز تقریب میں مدعو کیا ہے۔شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ وہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی خصوصی دعوت پر کراچی کے ہوٹل میں ایوارڈز تقریب میں شریک ہوں گے۔ گذشتہ سال لاہور میں آفریدی نے تنازعہ کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کی تھی اورپاکستان کرکٹ بورڈ کا چیک بھی واپس کردیا تھا۔ یاد رہے دورۂ زمبابوے پر فخرزمان نے شاندار مظاہرے کرنے کے علاوہ ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے ۔ جس سے ایوارڈس کیلئے ان کی دعویداری مزید مضبوط ہوگئی ہے ۔