کراچی۔2 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی یا تنزلی کے حوالے سے پاکستانی کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔ ذرائع کے بموجب عمر اکمل اور احمد شہزاد کو نظر اندازکردیا گیا ہے ۔وہاب ریاض اور محمد حفیظ کی تنزلی ہو جائے گی جبکہ کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے کی بھی قوی امید کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس پر غور شروع کردیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں حتمی فہرست کا اعلان کردیا جائے گا۔ کنٹریکٹ کی فہرست میں ان کی کارکردگی،فٹنس اور نظم و ضبط کے ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے شامل کیا جائے گا اور اس حوالے سے 30 سے 35 کرکٹرز کو معاہدے مل سکتے ہیں لیکن اس تعداد میں کمی بھی زیر غور ہے جس کے تحت حتمی فہرست 25 کھلاڑیوں پر بھی مشتمل ہو سکتی ہے۔ ڈسپلن کے خراب ریکارڈکے حامل عمر اکمل اور احمد شہزاد کو فہرست میں جگہ نہیں ملی جبکہ فاسٹ بولر وہاب ریاض اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔گزشتہ ایک سالہ کارکردگی کی بنیاد پر بابر اعظم،امام الحق،فخر زمان،حسن علی،شاداب خان اور فہیم اشرف کو ترقی ملنے کا روشن امکان ہے۔