ڈھاکہ ۔26 اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے خلاف یکے بعد دیگرے ونڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز میں شکست کے بعد ٹسٹ سیریز سے قبل مہمان ٹیم کو ایک اور نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جیسا کہ اس کے فاسٹ بولر راحت علی زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ راحت علی چوٹ لگنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ راحت علی عضلات میں جکڑن کی وجہ سے دونوں ٹسٹ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان کے متبادل کھلاڑی کے متعلق ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔24 سالہ بائیں ہاتھ سے بولر بھی دوسرے زخمی کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں جن میں صہیب مقصود، سہیل خان، احسان عادل اور لیگ اسپنر یاسر شاہ شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 28 اپریل کو کلنا میں شروع ہو رہا ہے جب کہ دوسرا میچ 6 مئی کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش نے 3 ونڈے مقابلوں کی سیریز 3-0 سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کر دیا اور پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش نے پہلی ونڈے سیریز جیتی ہے۔ اس کے بعد جمعہ کو بنگلہ دیش نے ٹوئٹنی 20 مقابلے میں بھی پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی ہے۔