کنگسٹن۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے آئندہ ماہ دورۂ ہند کیلئے فاسٹ بولر شیرمان لیوس کو ٹیم میں طلب کر لیا، انہیں الزاری جوزف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ جوزف کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور وہ تا حال مکمل فٹ نہیں ہوئے اسلئے وہ دورہ ہندوستان کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ ویسٹ انڈین ٹیم دورہ ہند کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹسٹ، پانچ ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 4 اکتوبر کو شروع ہو گا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے جوزف کی تکلیف کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ابھی انہیں مکمل فٹ ہونے میں مزید وقت لگے گا اسلئے وہ ہندوستان کے خلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، فاسٹ باولر شیرمان لیوس کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔