فاسٹ بولررینس نے آگ بجھاکر ہوٹل کو تباہی سے بچالیا

ہیملٹن۔28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر سیتھ رینس نے آگ سے کھیل کر مقامی ہوٹل کو تباہی سے بچایا۔نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر سیتھ رینس گرے ٹاؤن فائر بریگیڈ میں اسٹیشن آفیسر کے طور پر کام کرتے ہیں، انھیں اطلاع ملی کی وائٹ سوان نامی ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی ہے جس پر وہ اپنے ساتھیوں سمیت فوری طور پر وہاں پہنچے، ان کی مدد کیلئے 8 فائر انجنز بھی وہاں پہنچ چکے تھے وہ اور ان کی ٹیم نے تیزی سے بھڑکتی ہوئی آگ پر قابو کیا جوکہ پوری عمارت کیلئے ہی خطرہ بن رہی تھی۔سیتھ رینز نے اس موقع پر اصلی ہیرو کی طرح کام کیا۔اس حادثہ کے متعلق انہوں نے کہاکہ سب سے اچھی بات یہ رہی کہ ہوٹل کے عملہ نے آگ کی شدت میں اضافے سے قبل ہی فائر اسٹیشن کو مطلع کردیا تھا جس کی وجہ سے ہم نے فوری طور پر پہنچ گئے جس سے زیادہ تباہی نہیں ہوئی۔ آگ سے کچھ اسٹریکچر اور دوسری چیزوں کو نقصان پہنچا ہے لیکن بروقت کارروائی کی وجہ سے ہم نے شعلوں کو پھیلنے نہیں دیا۔یاد رہے کہ سیتھ رینس فرسٹ کلاس کرکٹ میں سینٹرل ڈسٹرکٹس کی نمائندگی کرتے ہیں، وہ ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ایونٹ کے گذشتہ سیزن میں مشترکہ طور پر سب سے کامیاب بولر رہے ، انھوں نے نیوزی لینڈکی جانب سے2017 میں اپنے کرئیر کا آغازکیا، وہ دو ونڈے اور4 ٹوئنٹی 20 میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ رواں برس انھوں نے پاکستان کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جہاں ویلنگٹن میچ میں انھوں نے 26 رنزکے عوض 3 وکٹیں لی ۔