ساؤپاؤلو۔10جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ارجنٹینا کے کوچ ایلکزینڈرو سبیلا مانتے ہیں کہ اتوارکو کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ کے خطابی مقابلہ میں بہتر طور پر آرام کرچکی جرمنی کو ارجنٹینا پر سبقت حاصل رہے گی ۔ دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم نے گذشتہ رات کھیلے گئے ورلڈ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ کے خلاف پنالٹی شوٹ میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ارجنٹینا کے کوچ سبیلا نے کہا ہے کہ جرمنی کو ایک دن پہلے مقابلہ کھیلنے کی وجہ سے آرام کا زیادہ وقت مل چکا ہے ۔ کوچ نے اس مقابلہ کو ایک بڑی جنگ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی کی ٹیم نے برازیل کو 7-1 سے شکست دی ہے اور اسے اس کامیابی کیلئے میدان پر زیادہ وقت گذارنا بھی نہیں پڑا ہے ۔ اس کے برعکس ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو کامیابی کیلئے زیادہ وقت تک محنت کرنی پڑی ہے جس میں کئی کھلاڑی تھکان کا شکار ہونے کے علاوہ ٹوٹ بھی چکے ہیں ۔
ارجنٹینا کے کوچ نے مزید کہا کہ جرمنی اور برازیل کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں جرمنی نے مقابلے کے ابتدائی 45منٹ میں ہی نتیجہ حاصل کرلیا تھا جس کے بعد دوسرے نصف مرحلہ میں اسے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں پڑی ۔ اس کے برعکس ہمارے کھلاڑیوں کو مقابلے کے زائد وقت میں بھی سخت محنت کرنی پڑی۔ ارجنٹینا 1990ء میں اٹلی میں منعقدہ ورلڈ کپ میں آخری مرتبہ خطابی مقابلہ کھیلا تھا جہاں اسے مغربی جرمنی کے خلاف 0-1کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور اس مرتبہ وہ جرمنی کو شکست دیتے ہوئے تیسرا ورلڈ کپ خطاب حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی ۔ امید کی جارہی ہے کہ اتوار کوک کھیلے جانے والے مقابلہ میںلیونل میسی کی ٹیم ارجنٹینا کو جرمنی کے خلاف سخت چیالنج رہے گا۔