جھیلوں پر غیر مجاز قبضوں کی شناخت ، کمشنر جی ایچ ایم سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( آئی این این): جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار نے مطلع کیا ہے کہ جھیلوں پر غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے اور تالاب کی مکمل سطح پر نشانات بھی لگائے جاچکے ہیں اور کسی اجازت کے بغیر تعمیر شدہ عمارتوں پر جی ایچ ایم سی کی طرف سے ’ غیر قانونی ‘ لکھا جارہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے کہا کہ عوام میں اب اس بات پر اعتماد پیدا ہورہا ہے کہ حکومت اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے صرف تمام غیر مجاز تعمیرات ہی منہدم کی جارہی ہیں اور کسی جانبداری کے ساتھ اس ضمن میں تیز رفتار انہدامی کارروائی کی جائے گی ۔ مسٹر سومیش کمار نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات پر جواب دیا کہ انہدامی کارروائی نہیں روکی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کا یہ عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون پلاننگ کے کاموں میں عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دینابھی ہے اس طرح اجازت دینے میں تاخیر کی صورت میں غیر قانونی تعمیرات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ سومیش کمار نے وضاحت کی کہ جی ایچ ایم سی نے کسی کی غیر ضروری تائید یا مدد کے بغیر ہر سرکل میں انہدامی کارروائی شروع کی ہے ۔ انہدامی کارروائیوں کے دوران ہمدردانہ رویہ اختیار کیا جارہاہے ۔ پہلے مرحلے کے تحت صرف زیر تعمیر عمارات منہدم کی جائیں گی ۔ دوسرے مرحلے کے تحت صرف وہ تعمیر شدہ عمارات منہدم کی جارہی ہیں جو تعمیر شدہ ہونے کے باوجود ہنوز مخلوعہ ہیں ۔ تیسرے مرحلہ کے تحت ان عمارتوں کو منہدم کیا جارہا ہے جو قواعد اور قوانین کی بدترین خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی ہیں اور ان میں مکین بھی رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز تعمیرات کے انہدام کے معاملہ میں جی ایچ ایم سی مختلف قانونی پہلوؤں کو ملحوظ رکھتے ہوئے موصولہ شکایات کی توثیق کے بعد ہی کارروائی کررہی ہے ۔۔