کریم نگر ۔13اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جامع سروے سے متعلق مختلف سیاسی قائدین کو آخر کار کس بات کا خوف ہے !۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ غلط طریقہ کی آمدنی اور بدعنوانی کے ذریعہ حاصل شدہ جائیدادوں کی حقائق کے انکشاف کا انہیں اس جامع سروے سے خوف ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف سیاسی قائدین حکومت کو اس اقدام پر نہ صرف تنقید کررہے ہیں بلکہ جامع سروے کے تعلق سے عوام کو گمراہ کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں جو بالکل نامناسب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار میئر میونسپل کارپوریشن سردار رویندر سنگھ نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز کریم نگر میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر محسوب جائیداد و اثاثہ جات کے منظر عام پر آنے کے خوف سے حکومت پر بیجاتنقیدیں کی جارہی ہے اور عوام کو شک و شبہات میں ڈالا جارہا ہے جو صحیح طریقہ کار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مستحقین ‘ غریب ‘ کمزور ‘ مالی مشکلات میں مبتلا افراد ‘ معذورین ‘ بیواؤں ‘ بے سہارا اور اس طرح دیگر مستحقین کو سرکاری اسکیمات سے صدفیصد فائدہ پہنچانے کیلئے یہ سروے کرایا جارہا ہے ‘ اس کے علاوہ حکومت کا کوئی مقصد ہی نہیں ہے ۔ حکومت کی ترقیاتی اسکیمات سے صرف اہل مستحقین فائدہ اٹھاسکیں‘ یہی جامع سروے کا مقصد ہے ۔ کسی بھی مستحق کا راشن کارڈ ہرگز منسوخ نہیں کیا جائے گا‘ میں بحیثیت میئر اس بات کی ذمہ داری لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ غریب طبقات کیلئے مختص فلاحی اسکیمات سے دولتمند افراد فائدہ نہ اٹھا پائیں یہی حکومت کی کوشش ہے ۔ آج تک ملک میں اس طرح کا مکمل سروے نہیں کرایا گیا ۔ کسی بھی ریاست میں ‘ کسی بھی خاندان کی مکمل معلومات حکومت کے پاس نہیں ہے ۔ انہوں نے عوام کو بغیر کسی خوف و خطرہ کے اپنی تمام تفصیلات سے واقف کروانے کا مشورہ دیا تاکہ ترقیاتی اسکیمات کی منصوبہ بندی میں آسانی ہو اور اس کے بہتر نتائج حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر اس سروے کو کامیاب نہیں بنایا جاسکتا ۔ اس پریس کانفرنس میں کارپوریٹر عارف ‘ وائی سنیل راؤ ‘ ٹی آر ایس قائدین کے اشوک‘ ایس سروینواس ‘ جے ہری شنکر ‘اے رمیش ‘ تروپتی نائک‘ سرینواس اور دیگر موجود تھے۔