غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش ، ناروے کی کشتی پر اسرائیلی قبضہ

غزہ پٹی ۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی بحریہ نے غزہ پٹی کی سمندری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے یورپی امدادی کارکنان کی ایک کشتی پکڑ لی ہے، کشتی پر ناروے کا پرچم لہرا رہا تھا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ (ان امدادی کارکنان کی) سرگرمی کسی غیرمعمولی واقعے کے بغیر ہی ختم ہوگئی ہے او ر اس وقت اس کشتی کو اسرائیلی بندرگاہ اشدود منتقل کیا جارہا ہے۔ العودہ نامی اس کشتی سے وابستہ امدادی گروپ نے کہا کہ اس پر 22 افراد سوار تھے اور ادویہ اور طبی سامان لدا ہوا تھا۔فریڈم فلوٹیلا اتحاد کے مطابق اسی گروپ کی ایک دوسری کشتی کی آئند ہ چند روز میں اسی علاقے میں آمد متوقع ہے۔اس کشتی کا نام آزاد ی ہے اور اس پر سویڈش پرچم لہرا رہا ہوگا۔سکنڈ ے نیویا کے ممالک سے مئی کے وسط میں 4 کشتیاں غزہ میں محصور فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوئی تھیں۔انھوں نے غزہ تک پہنچنے میں28 مختلف بندرگاہوں پر قیام کیا ہے۔اس مہم میں شامل باقی دوکشتیاں پلرمو کی بندرگاہ پرقیام کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوچکی ہیں۔العودہ کے پکڑے جانے کے بعد فلوٹیلا اتحاد نے کہا کہ اسرائیلی بحریہ ہمیں انتباہ جاری کررہی ہے اور وہ یہ دعویٰ کررہی ہے کہ ہم بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔اس نے امدادی کشتیوں کو روکنے کے لیے کسی بھی ضروری اقدام کی دھمکی دی ہے۔

Leave a Comment