غزہ کی تعمیر نو کیلئے 4 بلین ڈالر درکار فلسطین ۔ اسرائیل بات چیت کا احیاء

غزہ سٹی ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی صدر محمود عباس اسرائیل اور غزہ کے حماس حکمرانوں کے درمیان حالیہ 50 روزہ جنگ کے پیش نظر غزہ میں تعمیر نو کیلئے 4 بلین امریکی ڈالر کی اپیل کریں گے۔ معطی ممالک غزہ کیلئے امداد کے بارے میں 12 اکٹوبر کو فیصلہ کرنے والے ہیں۔ فلسطینی عہدیداروں کا کہنا ہیکہ زائد از 60 ہزار مکانات اور 5 ہزار سے زیادہ دکانات اور فیکٹریاں تباہ ہوگئے یا انہیں نقصان پہنچا۔ نقصان کا تخمینہ اور امداد کی درخواست عباس حکومت کے جاری کردہ تعمیرنو منصوبہ کا حصہ ہیں۔ قبل ازیں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان اگست میں متفقہ مستقل فائربندی معاہدہ پر عمل آوری کیلئے مذاکرات کا احیاء ہوا۔ دفتر صدر عباس کے بیان کے مطابق جمعرات کو منعقدہ میٹنگ میں فلسطینی اتھاریٹی کے وزیراعظم رامی حمداللہ، یو این کے خصوصی رابطہ کار برائے مشرق وسطیٰ امن مساعی رابرٹ سیری اور اسرائیل کے رابطہ کار برائے سرکاری اقدامات یواؤ موردیشائی نے شرکت کی۔