غزہ سٹی ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح تحریک کے ارکان سے تعلق رکھنے والے مکانات اور کاروں کو آج غزہ میں کم از کم 10 دھماکوں کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا۔ ان دھماکوں سے جانی نقصان کی فوری کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ اس کارروائی کی فتح اور اس کی اسلام پسند حریف حماس دونوں نے مذمت کی ہے۔ غزہ پٹی میں زیادہ علاقہ پر حماس کا کنٹرول ہے۔ ان دھماکوں میں جو مقامی وقت صبح 6.30 بجے سے کچھ دیر قبل چند گھنٹوں کے وقفہ میں پیش آئے، مثالی فلسطینی لیڈر اور فتح کے بانی یاسر عرفات کی آئندہ ہفتے دسویں برسی کے موقع پر یادگاری تقاریب کے اسٹیج کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ کئی برس میں پہلی مرتبہ ہیکہ غزہ میں عرفات کی برسی کی عوامی یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عباس کے وفاداروں کو اس علاقہ سے 2007ء میں بیدخل کردیا گیا اور حریفوں نے مغربی کنارہ اور غزہ میں حکمرانی سنبھال لی ہے